مخالف سکھ فسادات ‘ 28 مقدمات کا احیاء

وزارت داخلہ کی تشکیل کردہ خصوصی تحقیقات ٹیم تحقیقات کریگی
نئی دہلی 29 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب اسمبلی انتخابات سے قبل مرکزی حکومتنے 1984 کے مخالف سکھ فسادات کے 28 مقدمات کے احیاء کا فیصلہ کیا ہے اور ان تماممقدمات کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تحقیقات کریگی ۔ مقدمات کے مختلف پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ یہ ایسے مقدمات ہیں جنہیں یا تو بند کردیا گیا تھا یا پھر ان میں شواہد کے فقدان کی وجہ سے پیشرفت نہیں ہوسکی تھی ۔ ایک سرکاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے سنگین نوعیت کے فوجداری مقدمات کی دوبارہ مناسب تحقیقات کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی تھی اس نے 1984 کے مخالف سکھ فسادات مقدمات میں مزید 28 مقدمات کی نشاندہی کی ہے جن کی مزید تحقیقات ہونگی ۔ اس طرح اب تک مخالف سکھ فسادات میں ایس آئی ٹی کو جن مقدمات کی دوبارہ تحقیقات کیلئے کہا گیا ہے ان کی تعداد 77 ہوگئی ہے ۔ دہلی میں مخالف سکھ فسادات میں جملہ 650 مقدمات کا اندراج ہوا تھا ان میں پہلے بھی 49 مقدمات ایس آئی ٹی کے سپرد کئے جاچکے ہیں۔ دہلی پولیس نے اب تک 241 مقدمات کو شواہد کی کمی کی وجہ سے بند کردیا تھا ۔ جسٹس ناناوتی کمیشن نے ان میںصرف چار مقدمات کی دوبارہ تحقیقات کی سفارش کی تھی لیکن بی جے پی چاہتی ہے کہ ان تمام مقدمات کی دوبارہ تحقیقات کروائی جائیں ۔