محکمہ پولیس میں ہوم گارڈس کے تقررات

10 تا 22 نومبر گوشہ محل میں ادخال درخواست کی سہولت
حیدرآباد /30 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شہر کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے ماہ نومبر ایک بہترین سوغات لیکر آیا ہے اور محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کر رہا ہے ۔ تلنگانہ حکومت نے شہر حیدرآباد کے سٹی پولیس کمشنریٹ حدود میں 150 ہوم گارڈز کی بھرتی کا اعلان کیا ہے اور اس کیلئے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ ان 150 ہوم گارڈز میں ڈرائیور کا بھی تقرر کیا جائے گا جو ہوم گارڈ زمرہ میں رہے گا لیکن وہ پولیس کی گاڑیاں چلائیں گے ۔ 18 سال کی عمر تکمیل سے لیکر 50 سال سے کم عمر والے افراد ان جائیدادوں کیلئے اہل ہوں گے ۔ حالانکہ تعلیمی قابلیت اور جسمانی قابلیت کیلئے علحدہ شرائط ہیں تاہم قد 160 سنٹی میٹرس کا ہونا ضروری ہے جبکہ 7 ویں جماعت یا پھر اس کے مماثل کامیاب امیدوار درخواست فارم کے داخلہ کے اہل ہوں گے ۔ یہ اعلامیہ حیدرآباد کیلئے ایک سنہری موقع تصور کیا جارہا ہے ۔ چونکہ اس مرتبہ صرف حیدرآباد اور سٹی پولیس کمشنریٹ حیدرآباد حدود کے افراد ہی کو موقع دیا جارہا ہے ۔ ڈرائیور زمرہ کیلئے لائیٹ موٹر وہیکل اور ہیوی موٹر وہیکل لائیسنس جوکہ حکومت کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ۔ رہنا لازمی ہے یعنی شہر میں پولیس کی گاڑی چلانے کے ساتھ ساتھ پولیس کی وردی میں بھی گھومنے کا موقع ملے گا ۔ ہوم گارڈ جوکہ محکمہ پولیس کا ایک رضا کارانہ شعبہ ہے تاہم پولیس کے اعلی عہدیدار اور حکومت نے اس شعبہ کو مستحکم کرنے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور کانسٹیبل تقررات میں بھی مراعات اور خصوصی فائدے ان ہوم گارڈز کو حاصل رہتے ہیں ۔ اب جبکہ تلنگانہ حکومت نے سٹی پولیس کیلئے نئی ’’ انیوا‘‘ گاڑیوں کی سہولت فراہم کی ہے ۔ تقرر ہونے والے ہوم گارڈز کو ان نئی گاڑیوں موجودہ اور آئندہ کیلئے استعمال کی جانے والی نئی گاڑیوں کیلئے منتخب کیا جائے گا ۔ سٹی پولیس نے خواہشمند امیدواروں کیلئے 10 تا 22 نومبر تک موقع فراہم کیا ہے ۔ درخواست فارم ویب سائیٹ سے حاصل کرتے ہوئے 10 تا 22 نومبر صبح 10 بجے تا دوپہر 2 بجے تک گوشہ محل کے اسٹیڈیم میں داخل کرسکتے ہیں ۔ فارم کی جانچ اسی وقت کی جائے گی اور ہال ٹکٹ بھی اسی وقت دیا جائے گا ۔ درخواست فارم کے ساتھ امیدوار کو 25 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ فارم کی خانہ پوری میں ذرا سی بھی لاپرواہی درخواست فارم مسترد کرنے کا سبب بن سکتی ہے ۔ درخواست فارم متعلقہ ویب سائیٹ www.hyderabadpolice.gov.in سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔