حیدرآباد ۔ 31 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کی جانب سے 9281 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ چیرمین ریکروٹمنٹ بورڈ ڈاکٹر جے پورنا چندر راؤ نے بتایا کہ تلنگانہ پولیس میں مخلوعہ مختلف جائیدادوں میں شمولیت کیلئے آن لائن درخواستیں داخل کرنا ہوگا اور امیدوار می سیوا، ای سیوا، اے پی آن لائن یا کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ سے درخواست کی فیس داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریکروٹمنٹ بورڈ کی ویب سائیٹ www.tslprb.in پر لاگ آن ہوکر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں اور درخواستیں 11 جنوری تا 4 فروری تک پیش کی جاسکتی ہیں۔ تلنگانہ پولیس نے 1810 سب انسپکٹرس (مرد و خاتون)، 2760 پولیس کانسٹیبل ریزرو (مرد و خاتون)، 56 کانسٹیبلس سی پی ایل (مرد) ، 4065 تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس (مرد)، 174 اسپیشل پروڈکشن فورس (مرد) اور 416 محکمہ فائر کے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ ڈاکٹر پورنا چندر راؤ نے بتایا کہ مذکورہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے 5 کیلو میٹر یا 2.5 کیلو میٹر کی دوڑ کے لزوم کو برخاست کردیا گیا ہے اور عمر کی حد کو 3 سال تک بڑھا دی گئی ہے اور ان تقررات میں سیول پولیس کیلئے 33 فیصد تحفظات پر عمل کیا جائے گا۔ مرد کانسٹیبل کیلئے 800 میٹر کی دوڑ اور خواتین کیلئے 100 میٹر کی دوڑ لازم ہے۔ علاوہ ازیں امیدواروں کی جذباتی ذہانت، صنفی، سماجی مسائل اور اخلاقیات پر سوجھ بوجھ اور پولیس میں دشوار گذار ملازمت کے بارے میں ان کے رجحان اور میلان کا بھی تجزیہ کیا جائے گا اور قطعی تحریری امتحان میں شخصیت سازی کا امتحان بھی لیا جائے گا ، جبکہ پولیس کانسٹبل اور سب انسپکٹروں اور اس کے مماثل جائیدادوں کیلئے تحریری امتحان میں تلنگانہ کی تاریخ پر ایک مضمون رہے گا۔