محکمہ پوسٹ کو آئندہ سال تک منفعت بخش بنانے کی مساعی

خدمات متاثر ہونے کی قیاس آرائیاں مسترد، چیف پوسٹ ماسٹر بی وی سدھاکر
حیدرآباد ۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) چیف پوسٹ ماسٹر جنرل مسٹر بی وی سدھاکر نے کہا کہ محکمہ پوسٹ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے سال 2016ء تک منفعت بخش بنایا جائے گا اور دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش میں واقع تمام پوسٹ آفسیس کو جدید عصری ٹیکنالوجی سے آراستہ کرتے ہوئے عوام کو بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ مسٹر بی وی سدھاکر آج جنرل پوسٹ آفس عابڈس میں انڈیا پوسٹ اینڈ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے تعاون و اشتراک سے آغاز کئے جانے والے پوائنٹ آف سیل مشین (پی او ایس) Point of Sale Machine (Chota ATM ) کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے مخاطب تھے۔ انہوں نے عوام کی جانب سے محکمہ پوسٹ کی خدمات متاثر ہونے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ پوسٹ عوام کی خدمات میں روزافزوں بہترین خدمات کی انجام دہی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ریاستوں میں واقع تمام کمپیوٹرائزڈ پوسٹ آفسیس سے ہر روز رجوع ہونے والے عوام کی سہولت کیلئے پوائنٹ آف سیل مشین یعنی (Chota ATM) سرویس کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال دونوں ریاستوں میں واقع 108 کمپیوٹرائزڈ پوسٹ آفسیس میں (POS) مشین کے استعمال کا آغاز کیا جارہا ہے جبکہ دونوں ریاستوں تلنگانہ و اے پی کی جملہ 2467 کمپیوٹرائزڈ پوسٹ آفسیس تک مذکورہ سرویس کو عنقریب توسیع دینے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ POS مشین کے ذریعہ تمام بینکوں سے وابستہ کریڈٹ کارڈس اور ڈیبٹ کارڈس کے ذریعہ اس سرویس کا استعمال کرتے ہوئے اسپیڈ پوسٹ ، رجسٹر پوسٹ، پارسل، آرٹیکلس، پوسٹل لائف انشورنس، می سیوا، سونا یاسم، ٹی ٹی ڈی ٹکٹ بکنگ، پاسنجر ریزرویشن کے علاوہ دیگر سہولتوں سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پوسٹ آفس میں نصب کی گئی POS مشین کے ذریعہ دیہی علاقوں کے عوام کو 100 روپئے تا 1000 روپئے ہر روز وتھ ڈرا کرنے کی سہولت رہے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائرکٹر اسٹیٹ بینک آف انڈیا مسٹر سی آر سی کمار، چیف جنرل منیجر اسٹیٹ بینک آف انڈیا مسٹر گوپال کرشنا کنال، پوسٹ ماسٹر جنرل (Mails & BD) ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ بعدازاں چیف پوسٹ ماسٹر جنرل مسٹر بی وی سدھاکر اور ڈپٹی منیجنگ ڈائرکٹر اسٹیٹ بینک آف انڈیا مسٹر سی آر سی کمار نے My Stamp اور اسپیشل کور کا افتتاح انجام دیا۔