محکمہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کے ساتھ مکمل انصاف رسانی کے لیے حکومت پابند عہد

حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ کے ریٹائرڈ ملازمین کو مکمل انصاف کا وعدہ کرتے ہوئے ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کہاکہ پچھلے ساٹھ سالوں میں تلنگانہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ ملازمین کے ساتھ ناانصافیاں کی جاتی رہی ہیں مگر تلنگانہ حکومت سابق کی تمام غلطیوں کوتاہیوں کو ختم کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ملازمین کے ساتھ مکمل انصاف کی پابند عہد ہے۔آج یہاں رویندرا بھارتی میں تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسیشن کی چھٹویں ریاستی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر نرسمہا ریڈی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے ریٹائرڈ ملازمین کے سب سے حساس مسئلے سی آر بی ایس کے متعلق بہت جلد چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر رائو سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ فینانس اور ٹرانسپورٹ وزراء سے مشاورت کے بعد آر ٹی سی ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسیشن کے ذمہ داران کے ہمراہ وزیر اعلی سے ملاقات اور نمائندگی کا تیقن دلایا۔ اور کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے اپنی چودہ سالہ تلنگانہ جدوجہد میں ریاست تلنگانہ کے تمام محکموں کو درپیش مسائل کا بہت نزدیکی سے جائزہ لیا اور ہر روز وہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد درپیش مسائل سے نمٹنے بالخصوص سرکاری ملازمین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو ختم کرنے کی حکمت عملی کے متعلق مشاورت کرتے رہے۔

مسٹر نرسمہا ریڈی نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے لئے فلاحی اسکیمات کی ایسی نظیر سابق میں کسی حکومت میں نظر نہیں آتی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کو تلنگانہ کا عظیم قائد قراردیتے ہوئے کہاکہ حکومت بننے کے بعد پہلے کابینہ اجلاس میں وزیراعلی نے سرکاری ملازمین کے فلاحی اسکیمات کی تجویز رکھی اور انتخابات میں کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے متعلق قطعی فیصلہ بھی لیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام کے ساتھ انصاف کرے گی۔ مسٹر نرنجن ریڈی وائس چیرمن ریاستی پلاننگ کمیشن نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریٹائرڈ ملازمین کے تمام مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کا وعدہ کیا اور کہاکہ ریٹائرڈ ملازمین کے تجربے سے تلنگانہ حکومت کو استفادہ کرنا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ تلنگانہ حکومت کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ تلنگانہ کی چار کروڑ عوام کی حکومت ہے جس کا مقصد صاف وشفاف حکمرانی ہے جوعوام کی اور عوام کے لئے ہے۔جناب رحمن صوفی صدر اسوسیشن کے علاوہ ریاستی سکریٹری بی کوٹیا اور دیگر نے بھی اس کانفرنس سے خطاب کیا۔قبل ازیں محکمہ آرٹی سی ریٹائرڈ ایمپلائز اسوسیشن کی سال نو ڈائری کی بھی اس موقع پر رسم اجرائی انجا م دی گئی۔سینکڑوں کی تعداد میں محکمہ آرٹی سی کے ریٹائرڈ ملازمین نے اس تقریب میں شرکت کی۔