17.42 کروڑ کا خرچ ، آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : محکمہ جنگلات نے شہر حیدرآباد کے 193 جنگلاتی بلاکس میں 17.42 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے 16 اربن پارکس کو ترقی دی ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے ہریتاہرم پروگرام کے تحت شہری و مضافاتی علاقوں میں موجود جنگلاتی بلاکس کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں شہری پارکس میں تبدیل کرنے کی محکمہ جنگلات کو ہدایت دی تاکہ بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پایا جاسکے اور جنگلات کو ترقی دینے میں کامیابی حاصل ہوسکے اور شہریوں کو پارکس بھی دستیاب ہوسکے ۔ محکمہ جنگلات نے پہلے مرحلے میں تلنگانہ کے شہری علاقوں میں موجود 17,410 ہیکڑ اراضی پر جملہ 36 اربن پارکس قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔ حیدرآباد اور اس کے مضافاتی علاقوں بالخصوص آوٹر رنگ روڈ کے 5 تا 10 کیلو میٹر کے حدود میں واقع جنگلاتی بلاکس میں اربن پارکس کے قائم کو اولین ترجیح دی جارہی ہے ۔ جنگلاتی بلاکس کے اطراف باونڈری ، فینسنگ ، دونوں جانب دیکھائی دینے والی گرلس کی تعمیرات کی جارہی ہے ۔ ان اربن پارکس میں واکنگ ویز ، یوگا کی جگہ ، سائیکلینگ ٹریک کے علاوہ دوسری سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ ساتھ ہی (Conopy Walk) ہرنوں کا پارک ، بچوں اور بڑوں کے لیے کھیلنے کا میدان ، روپ کلائیبنگ وغیرہ کی سہولت فراہم کرتے ہوئے سارے خاندان کو سیر و تفریح کا مکمل سامان مہیا کیا جارہا ہے ۔ داخلہ کے لیے جو بھی فیس مقرر کی گئی ہے اس آمدنی کو پارک کی ترقی پر خرچ کی جارہی ہے ۔ اربن پارکس میں ان سہولتوں بالخصوص واکنگ ٹریک کا استعمال کرتے ہوئے مقامی افراد اطمینان کا اظہار کررہے ہیں ۔ محکمہ جنگلات کے اسپیشل آفیسر پی کے راگھو ، اسسٹنٹ فاریسٹ آفیسر آر ایم ڈوبریل سی ایم او او ایس ڈی ہریتا ہرم پرینکا ورگس کے علاوہ دوسرے عہدیداروں نے آج حیدرآباد کے مضافاتی علاقوں میڈپلی شانتی ونم ، اپل وغیرہ میں قائم کردہ اربن پارک کا معائنہ کیا ۔ عوام اور بچوں کو فراہم کیے گئے سہولتوں کا بھی جائزہ لیا ۔۔