محکمہ برقی میں عاجلانہ تقررات کا اعلان : کے سی آر

مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب ، بلا رکاوٹ برقی سربراہی پر عہدیداروں کی ستائش
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے محکمہ برقی میں مخلوعہ جائیدادوں پر عاجلانہ تقررات عمل میں لانے کا واضح طور پر اعلان کیا اور مختلف کمپنیوں جینکو ، ٹرانسکو اور ڈسکامس میں مخلوعہ جائیدادوں کی مکمل تفصیلات فی الفور حکومت کو پیش کرنے کی صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر جینکو تلنگانہ اسٹیٹ پربھاکر راو کو ہدایات دیں ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ چیف منسٹر آئندہ کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مناسب انداز میں مخلوعہ جائیدادوں پر فوری تقررات عمل میں لانے کے اقدامات کریں گے ۔ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج ان سے ملاقات کرنے والے برقی عہدیداروں بشمول انجینئرس کی ایک سال کے دوران کسی خلل انداز و کٹوتی کے بغیر برقی سربراہ کرنے پر زبردست ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے لیے حکومت رقومات کی کوئی پرواہ کئے بغیر برقی کی خریدی کے ذریعہ کسی کٹوتی کے بغیر موثر برقی سربراہی عمل میں لارہی ہے جب کہ آئندہ سال تک برقی کی بڑی مقدار میں خریدی کرنے کی حکومت کو ضرورت نہیں رہے گی کیوں کہ برقی پیداواری اسٹیشن میں برقی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا اور ساتھ ہی ساتھ آئندہ تین تا چار سال میں ریاست تلنگانہ کو فاضل برقی پیداواری ریاست بنانے کے عزز کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ حکومت محکمہ برقی کو نفع بخش بناتے ہوئے ملازمین برقی کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا بھی بہت ممکن ہوگا ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ریاست تلنگانہ میں تمام نوعیت کے برقی پراجکٹس تلنگانہ اسٹیٹ جینکو کے ذریعہ ہی تعمیر کئے جائیں گے ۔۔