حیدرآباد 30 جولائی (این ایس ایس) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کی تلنگانہ اسٹیٹ کونسل نے محکمہ برقی میں آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو ریگولر کرنے کے ٹی آر ایس حکومت کے فیصلہ کی ستائش کی اور اسے ایک اچھا فیصلہ قرار دیا۔ ایک پریس نوٹ میں سی پی آئی اسٹیٹ سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ ٹورازم کارپوریشن ٹی ایس آر ٹی سی، سنگارینی کالریز، میڈیکل، میونسپل، گرام پنچایتیں یونیورسٹیز اور دیگر اداروں میں کام کرنے والے آؤٹ سورسنگ ملازمین کے معاملہ میں بھی ایسا ہی کیا جائے۔ انھوں نے کہاکہ آؤٹ سورسنگ ملازمین کئی سال سے قلیل تنخواہوں پر کام کررہے ہیں اور مطالبہ کیاکہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل درآمد کریں۔
اراضیات کی قیمتوں پر نظرثانی روک دی گئی
حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے زمینات کی بازاری قیمت پر نظرثانی ایک مرتبہ پھر ملتوی کردی۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد دوسری مرتبہ اراضی کی قیمت پر نظرثانی ملتوی کی گئی ہے۔ آخری نظرثانی اگسٹ 2013 ء میں ہوئی تھی۔ گزشتہ 4 سال سے مارکٹ شرحوں پر کوئی نظرثانی نہیں کی گئی۔ اس سے پہلے محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن کو ہر سال اگسٹ میں قیمتوں پر نظرثانی کا اختیار تھا۔ محکمہ، حکومت کی منظوری حاصل کرتا تھا۔ اس ماہ محکمہ اسٹامپس و رجسٹریشن نظرثانی کے لئے حکومت سے رجوع ہوا لیکن حکومت نے محکمہ کو ہدایت دی کہ اس کی منظوری کے بغیر کوئی نظرثانی نہ کی جائے۔