فاضل اسٹاف کو ڈیپوٹیشن پر تعیناتی متوقع، ضلع واری عہدیداروں کا جائزہ
حیدرآباد۔/24جون، ( سیاست نیوز) حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کو مستحکم کرنے اور ملازمین کی تعداد میں اضافہ کی مساعی شروع کی ہے۔ حکومت کی جانب سے محکمہ اقلیتی بہبود کے ملازمین کی تفصیلات حاصل کی گئیں جن میں حیدرآباد اور اضلاع میں موجود ملازمین کی تفصیلات شامل ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مختلف اداروں کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں حکومت کو روانہ کی جانے والی تفصیلات کو قطعیت دی گئی۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے تحت ملازمین کی تعداد انتہائی ناکافی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حالیہ عرصہ میں 80 ملازمین کی منظوری دی لیکن ابھی تک ان کے تقررات عمل میں نہیں آئے اور نہ ہی دیگر محکمہ جات سے ڈیپوٹیشن پر عہدیداروں اور ملازمین کو محکمہ اقلیتی بہبود منتقل کیا گیا۔ سکریٹریٹ، اقلیتی بہبود ڈائرکٹوریٹ، سروے کمشنر وقف، اقلیتی فینانس کارپوریشن اور اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی میں برسرخدمت ملازمین کی تفصیلات حکومت کو روانہ کی جارہی ہیں جن میں مستقل اور عارضی ملازمین کی تفصیلات شامل رہیں گی۔ سکریٹریٹ میں عملے کی کمی کے نتیجہ میں محکمہ اقلیتی بہبود کو کئی اہم فائیلوں کی یکسوئی میں دشواری ہورہی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیلئے حکومت کو 230 ملازمین کی تجویز پیش کی تھی اور بتایا جاتا ہے کہ حکومت دیگر محکمہ جات سے جہاں فاضل اسٹاف ہے اقلیتی بہبود کو ڈیپوٹیشن پر روانہ کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ حکومت کو روانہ کی جارہی رپورٹ میں ریاستی اور ضلعی سطح کے عہدیداروں کی تفصیلات شامل رہیں گی۔ گزیٹیڈ عہدیدار کو ریاستی سطح کے اور سپرنٹنڈنٹ سطح کے عہدیدار کو ضلعی عہدیدار کے زمرہ میں شامل کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے دفتر سے یہ تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ حکومت کو اس بات کا احساس ہے کہ اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیمات پر موثر عمل آوری میں اہم رکاوٹ اسٹاف کی کمی ہے۔ حکومت جاریہ سال اقلیتوںکی بھلائی کے سلسلہ میں بعض نئے منصوبوں پر عمل آوری کی خواہاں ہے۔ ایسے میں اسٹاف کی کمی کے ساتھ اس پر عمل آوری ممکن نہیں۔ دوسری طرف 8 جولائی کو مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی حیدرآباد کے دورہ پر آرہے ہیں، ان کے دورہ کے انتظامات کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے قطعیت دی جارہی ہے۔ مختار عباس نقوی مرکز کی ایم ایس ڈی پی ہمہ جہتی ترقیاتی اسکیم کے تحت حیدرآباد میں اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اس سنٹر میں 150 طلباء کو ٹریننگ دی جائے گی۔ اِسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کیلئے موزوں عمارت کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ جائزہ اجلاس میں منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ، سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور اور منیجنگ ڈائرکٹر کرسچین فینانس کارپوریشن بی وکٹر موجود تھے۔