ڈسٹرکٹ ویلفیر آفیسرس متعین کرنے کا امکان ، سید عمر جلیل کے اقدامات
حیدرآباد ۔ 3۔اکتوبر (سیاست نیوز) نئے اضلاع کی تشکیل کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے عہدیداروں کی کمی پوری کرنے کیلئے حکومت نے پلاننگ ڈپارٹمنٹ سے 12 عہدیداروں کی خدمات محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پلاننگ ڈپارٹمنٹ سے اسٹاٹسٹیکل آفیسرس کی خدمات کو محکمہ اقلیتی بہبود کے حوالے کیا گیا تاکہ انہیں ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسرس مقرر کیا جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل عہدیداروں کے تقرر کے اقدامات کر رہے ہیں ۔ پہلے مرحلہ میں ان 12 عہدیداروں کا تقرر کیا جائے گا اور مزید اضلاع میں ضرورت پڑنے پر متعلقہ اگزیکیٹیو ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن کو ڈی ایم ڈبلیو کی زائد ذمہ داری دی جائے گی ۔ محکمہ اقلیتی بہبود میں پہلے ہی عہدیداروں اور ملازمین کی کمی ہے اور حکومت نے 17 نئے اضلاع کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے۔ ان حالات میں اقلیتی بہبود کے موجودہ اسٹاف کو نئے اضلاع میں تقسیم کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اردو اکیڈیمی کے کمپیوٹر سنٹرس اور لائبریریز کے اسٹاف کو ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفس میں تعینات کیا جائے گا ۔ اقلیتی بہبود ائرکٹوریٹ اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کے زائد اسٹاف کو نئے اضلاع میں تعینات کیا جاسکتا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ملازمین اور عہدیداروں کی تقسیم کا عمل اندرون ایک ہفتہ مکمل کرلیا جائے گا ۔ حکومت سے خواہش کی گئی ہے کہ اقلیتی بہبود اور وقف بورڈ کے لئے مزید اسٹاف کو الاٹ کرے تاکہ دونوں ادارے بہتر طور پر خدمات انجام دے سکیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اسمبلی میں اعلان کیا تھا کہ وقف بورڈ اور ا قلیتی بہبود کیلئے زائد اسٹاف الاٹ کیا جائے گا لیکن آج تک درکار اسٹاف الاٹ نہیں کیا گیا۔