پی آر سی پر عدم عمل آوری اور ناانصافیوں کے خلاف احتجاج
حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد واٹر ورکس اینڈ سیوریج کامگار یونین نے آج 6 جولائی سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹس جاری کردی ہے۔ صدر سی ستیش کمار ، ورکنگ پریسڈنٹ بی بھومیا، مسٹر سی ایچ سریش بابو جنرل سکریٹری، مسٹر ظہور کے علاوہ دیگر یونین قائدین نے آج پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پی آر سی پر عدم عمل آوری اور محکمہ آبرسانی کے عملہ کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف ہڑتال کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے۔ یونین قائدین نے بتایا کہ سابق میں اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ بات چیت کے دور ہونے کے باوجود مسئلہ حل نہ کئے جانے کے سبب بحالت مجبوری ملازمین نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد واٹر ورکس سیوریج کامگار یونین قائدین کے بموجب 6 جولائی سے یونین آفس واقع گوشہ محل میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز ہوگا اور اس کے ساتھ ہی اوزار رکھ دو تحریک شروع کی جائے گی۔ 3 روز کے دوران بھی اگر مطالبات کی یکسوئی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے تو ایسی صورت میں تحریک میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ حکومت کو چاہئے کہ فوری طور پر اس مسئلہ کی یکسوئی کو یقینی بنائے۔ چونکہ ہڑتال کے آغاز کی صورت میں دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے نواحی علاقوں میں سربراہی آب متاثر ہوسکتی ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے دوران آبی سربراہی میں خلل عوام کے لئے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔