محمود عباس ۔ خالد مشعل کی قطر میں بات چیت

بغداد ، 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے صدر محمود عباس اور جلا وطن حماس لیڈر خالد مشعل کے مابین آج قطر میں دوسرے دن بھی بات چیت ہوئی ہے ۔ فلسطینی ذرائع نے یہ بات بتائی جبکہ اس بات چیت کے دوران غزہ میں لڑائی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ حماس اور محمود عباس کے مابین ملاقات کا قطر کے امیر نے اہتمام کیا تھا اور کل ہوئی بات چیت کو آج ہوئی ملاقات میں آگے بڑھایا گیا ۔ کہا گیا ہے کہ آج تقریبا تین گھنٹوں تک بات چیت ہوئی ہے ۔ فلسطینی ذرائع نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ قطر کے حکمران شیخ تمیم بن حماد الثانی کے محل میں یہ ملاقات ہوئی تھی جبکہ غزہ میں لڑائی کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے ۔ جمعرات کو مصر کی کوششوں سے غزہ میں اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ بندی کی کوششیں ناکام ہوگئی تھیں۔ اسرائیل کا مطالبہ تھا کہ حماس راکٹ حملوں کو روکنے کا تیقن دے جبکہ حماس کا مطالبہ تھا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی جو ناکہ بندی کی گئی ہے اس کو ختم کیا جائے ۔ فریقین کے سخت گیر موقف کی وجہ سے بات چیت میں پیشرفت نہیں ہوسکی اور جنگ بندی کو مستقل شکل نہیں دی جاسکی ہے ۔ قطر میں آج ہوئی بات چیت کے تعلق سے کوئی تفصیل معلوم نہںے ہوسکی ہے تاہم فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود عباس اس ملاقات کے بعد دوحہ سے روانہ ہوجائیں گے ۔ اسرائیل کی جانب سے حماس کے لیڈروں پر حملہ کرتے ہوئے انہیں شہید کردئے جانے کے بعد جنگ بندی کی کوششوں کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا گیا ہے ۔