حیدرآباد ۔ 25 جولائی ( سیاست نیوز ) چندرائن گٹہ حملہ کیس کے سزا یافتہ ملزمین کی آج ضمانت پر رہائی عمل میں آئی ۔ حیدرآباد ہائیکورٹ کی جانب سے کل ان کی ضمانت منظور کئے جانے کے بعد چرلہ پلی جیل سے آج حسن بن عمر یافعی اور عود بن یونس یافعی رہا ہوئے ۔ جب کہ عبداللہ بن یونس یافعی کل ورنگل سنٹرل جیل سے رہا ہوں گے ۔ حملہ کیس میں گذشتہ سال 29جون کو ساتویں ایڈیشنل میٹرو پولیٹن سیشن جج کی جانب سے چار ملزمین کو قصوروار پائے جانے اور انہیں 10سال کی سزا سنائی جانے کے نتیجہ میں چار ملزمین نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر نچلی عدالت کے فیصلہ کو کالعدم کرنے اور ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست داخل کی تھی ۔ حیدرآباد ہائیکورٹ کے جسٹس بی شیوشنکر نے ملزمین کی درخواست ضمانت قبول کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا حکم دیا ۔ عدالت نے ملزمین کو 50ہزار روپئے کی دو ضمانتیں اور متعلقہ پولیس اسٹیشن میں حاضری دینے کی شرط رکھی ۔ محمد پہلوان کے بھائی اور بھتیجوں کی جیل سے رہائی کے بعد ان کے خاندان میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔