محمد فرید الدین اور دیگر قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت

چیف منسٹر چندر شیکھر راونے خیر مقدم کیا، اقلیتوں کیلئے خدمات جاری رکھنے اقلیتی قائدین کا تیقن
حیدرآباد۔/28اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے سابق ریاستی وزیر اقلیتی بہبود جناب محمد فرید الدین اور دیگر قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ ان قائدین کی شمولیت سے ضلع میں ٹی آر ایس کا موقف مزید مستحکم ہوگا۔ کیمپ آفس میں آج سابق ریاستی وزیر محمد فرید الدین کے علاوہ کانگریس کے سابق ضلع صدر سوامی چرن اور بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نریندر ناتھ اور دوسروں نے اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ چیف منسٹر نے ان قائدین کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پارٹی کھنڈوا پہناکر ٹی آر ایس میں شامل کیا۔ چندر شیکھر راؤ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ان قائدین کی شمولیت سے میدک لوک سبھا حلقہ کے مجوزہ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔ 200سے زائد گاڑیوں کے قافلہ اور 7تا8ہزار حامیوں کے ساتھ ان قائدین نے کیمپ آفس پہنچ کر برسراقتدار پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی کے علاوہ وزیر آبپاشی ہریش راؤ، ارکان پارلیمنٹ بی وی پاٹل، کڈیم سری ہری، رکن قانون ساز کونسل بھوپال ریڈی اور دیگر قائدین موجود تھے۔ جناب فرید الدین کے ہمراہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے دیگر قائدین میں حالیہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے والے کرشنا ریڈی ، سابق صدرنشین مارکٹ کمیٹی حیدرآباد چنا ریڈی، سابق صدر نشین اردواکیڈیمی سید شاہ نورالحق قادری، کانگریس کے اقلیتی قائدین قادر شریف،رضا حسین آزاد، ایم اے قدوس، حبیب زین العابدین عابد،نجم الدین قاضی، نواب علی خاں، ایم ایم بیگ، شاہد پیراں، حامد عبدالقادر، محمد جاوید ٹرانسپورٹ اور دوسرے شامل ہیں۔ میدک لوک سبھا کے ضمنی چناؤ سے عین قبل اہم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت سے ٹی آر ایس کارکنوں کے حوصلے کافی بلند ہوچکے ہیں اور پارٹی کی کامیابی یقینی سمجھی جارہی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے جناب فرید الدین اور دیگر اقلیتی قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اقلیتیں ٹی آر ایس کے ساتھ ہیں اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی پالیسیوں کے سبب اقلیتوں میں حکومت پر اعتماد پایا جاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جناب فرید الدین کی شمولیت سے تلنگانہ کی اقلیتوں میں نیا جوش پیدا ہوگا اور پارٹی سے اقلیتوں کی وابستگی مزید مستحکم ہوگی۔جناب فرید الدین نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کی پالیسیوں اور اقلیتوں کی بھلائی سے متعلق اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے اپنی خدمات پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر انہیں جو بھی ذمہ داری دیں گے اسے بحسن خوبی انجام دیں گے۔جناب فرید الدین نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کے مقابلہ میں ٹی آر ایس حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے معاملات میں زیادہ سنجیدہ ہے۔