عازمین کے لیے انتظامات کو بہتر بنانے کی مساعی ، اسپیشل آفیسر ریاستی حج کمیٹی
حیدرآباد ۔ 26 مئی (سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی سے حج سیزن 2014ء کے محفوظ زمرہ کے تحت 17 عازمین حج نے اپنی درخواستوں کو واپس لے لیا ہے حالانکہ سفر حج کیلئے ان کا انتخاب ہوچکا تھا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ محفوظ زمرہ کے تحت 1,476 عازمین کا انتخاب کیا گیا۔ 70 سال سے زائد عمر اور تین مرتبہ مسلسل قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم عازمین کو اس زمرہ کے تحت بغیر قرعہ اندازی منتخب کرلیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ محفوظ زمرہ کے مابقی عازمین نے پہلی قسط ادا کرتے ہوئے اپنے پاسپورٹ جمع کردیئے ہیں۔ اس زمرہ میں 28 عازمین این آر آئیز ہیں جو 20 اگست تک اپنے پاسپورٹ جمع کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عام زمرہ کے تحت 3,904 عازمین جن کا قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ 51 نے درخواستیں واپس لے لی ہیں جبکہ مابقی عازمین نے پہلی قسط
اور پاسپورٹ جمع کرادیئے۔ انہوں نے بتایا کہ 209 عازمین ایسے ہیں جنہوں نے ابھی تک حج کمیٹی کو کوئی اطلاع نہیں دی۔ ہوسکتا ہے کہ انہوں نے سنٹرل حج کمیٹی کو رقم کی ادائیگی سے متعلق رسید روانہ کردی ہیں۔ اسپیشل آفیسر کے مطابق عام زمرہ کے عازمین میں 89 این آر آئیز ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 68 عازمین نے سفرحج منسوخ کرالیا۔ جاریہ سال حج کمیٹی کو جملہ 18 ہزار 83 درخواستیں وصول ہوئی تھیں جبکہ سنٹرل حج کمیٹی نے آندھراپردیش کیلئے 5,380 کا کوٹہ مقرر کیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سفر منسوخ کرنے والے عازمین کی تعداد سے سنٹرل حج کمیٹی کو واقف کرایا جائے گا اور تمام ریاستوں سے منسوخی کی تفصیلات حاصل ہونے کے بعد سنٹرل حج کمیٹی آبادی کے لحاظ سے ہر ریاست کیلئے زائد کوٹہ مقرر کرے گی اور اس کوٹہ میں ویٹنگ لسٹ کے اعتبار سے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور متحدہ آندھراپردیش ریاست کا یہ آخری کیمپ ہوگا۔ آئندہ سال دونوں ریاستوں میں الگ الگ حج کمیٹیاں حج انتظامات کی نگرانی کریں گی۔