شریمتی لکشمی پاروتی، ڈاکٹر سنارے اور دیگر ممتاز شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد۔ 29 مئی (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آندھرا پردیش و بانی تلگو دیشم پارٹی آنجہانی نندا موری تارک راما راؤ کی جینتی کے موقع پر این ٹی آر وگیان ٹرسٹ کے زیراہتمام این ٹی آر قومی ساہتیہ ایوارڈ تقریب رویندر بھارتی میں منعقد ہوئی جس میں صدرنشین این ٹی آر وگیان ٹرسٹ شریمتی ننداموری لکشمی پاروتی، چیف جسٹس پٹنہ ایل نرسمہا ریڈی، مشیر حکومت تلنگانہ کے وی رمنا چاری، ڈاکٹر سی نارائن ریڈی، ممتاز تلگو فلم اداکار کوٹا سرینواس راؤ، چندرا بابو کے علاوہ ایوارڈ کمیٹی کے اراکین پروفیسر خالد قادری اور دیگر نے شرکت کی۔ ٹرسٹ کی جانب سے سال 2016ء کا باوقار ایوارڈ اُردو ساہتیہ کار محترمہ جیلانی بانو کو دیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لکشمی پاروتی نے کہا کہ یہ ایوارڈ ہر سال لسانی تہذیب کے علمبرداروں کو دیا جاتا ہے۔ لکشمی پاروتی نے کہا کہ 80 سال کی عمر میں بھی جیلانی بانو اُردو زبان کی ترقی کے لئے کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے ایک ایوارڈ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس نے جیلانی بانو کے نام کو قطعیت دی۔ لکشمی پاروتی نے این ٹی آر وگیان ٹرسٹ کی جانب سے جیلانی بانو کو مبارکباد بھی پیش کی۔ کے وی رمنا چاری مشیر حکومت تلنگانہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ جیلانی بانو کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو زبان تلنگانہ کی مشترکہ تہذیب کا حصہ ہے۔ جسٹس نرسمہا ریڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این ٹی آر وگیان ٹرسٹ کے ذمہ داران کی ستائش کی جنہوں نے اس سال اُردو ساہتیہ کار کا انتخاب عمل میں لایا۔ ڈاکٹر سی نارائن ریڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شمار اُردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں۔ اُردو ایک میٹھی اور انقلابی زبان ہے۔
’اسٹارٹ ۔ اپ مینجمنٹ‘ میں چھ ماہی ٹریننگ پروگرام
حیدرآباد 29 مئی (پریس نوٹ) دی انٹرپرینئر زون کی جانب سے ٹیکنالوجی بزنس انکوبیٹر یونیورسٹی آف حیدرآباد کے اشتراک سے منعقد کئے جانے والے اسٹارٹ ۔ اپ مینجمنٹ میں پارٹ ٹائم چھ ماہی ٹریننگ پروگرام کے تیسرے بیاچ میں داخلوں کے لئے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 15 جون ہے۔ پروگرام کا آغاز 4 جولائی سے ہوگا۔ مزید معلومات کے لئے www.tez.co.in کو لاگ آن کریں اور آن لائن درخواست دیں۔