خاندانی حکمرانی کی مخالف بی جے پی اب خاموش کیوں: کانگریس
جموں 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے آج اپنے چھوٹے بھائی تصدق مفتی اور چدورا ایم ایل اے جاوید مصطفی میر کو اپنی کابینہ میں شامل کرلیا۔ گورنر این این ووہرہ اِن لیجسلیٹرس کو راج بھون میں حلف دلایا۔ یہ مجلس وزراء کی تب سے دوسری توسیع ہے جب محبوبہ مفتی نے ریاست میں بی جے پی کے ساتھ حکومت تشکیل دی تھی۔ 45 سالہ تصدق سابق میں محبوبہ مفتی کے گریوینس سیل کے سربراہ کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ اپنے والد مفتی محمد سعید کے 2016 ء میں انتقال کے بعد ریاست کی سیاست میں واپس ہوئے ہیں۔ آج کی تبدیلی پر صدر پردیش کانگریس غلام احمد میر نے آج بی جے پی کی خاموشی پر سوال اُٹھایا اور کہاکہ انتخابی مہمات میں خاندانی حکومت کو مسئلہ بنانے والی پارٹی نے اپنی آنکھیں کیونکر بند کرلی ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دعوے کرنا آسان ہے لیکن جب خود پر بن آتی ہے تو خاموشی اختیار کرلی جاتی ہے۔