بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا ازسرنو جائزہ ، آج مقننہ پارٹی اجلاس
سرینگر ۔ /31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے تعلق سے آج غیریقینی حالات میں اضافہ ہوگیا جبکہ پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ حلیف بی جے پی حکومت کے مرکز میں مشترکہ ایجنڈہ پر عمل آوری کا ازسرنو جائزہ لیں گی ۔ بالخصوص ریاست کے اہم سیاسی اور معاشی مسائل پر غور و خوص کیا جائے گا ۔ محبوبہ مفتی کو ان کے والد مفتی محمد سعید مرحوم کا جانشین تصور کیا جارہا ہے ۔ آج انہوں نے پارٹی قائدین بشمول ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے ہمراہ 4 گھنٹے طویل اجلاس منعقد کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنا موقف سخت کرلیا اور کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ’’اتحاد کے ایجنڈے ‘‘ پر عمل آوری کے بارے میں انہیں واضح پیام ملنے کے بعد ہی وہ تشکیل حکومت کے تعلق سے فیصلہ کریں گی ۔ پی ڈی پی سربراہ نے کل مقننہ پارٹی اجلاس طلب کیا ہے جس کا کافی عرصہ سے انتظار کیا جارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد مرحوم کی زیرقیادت 10 ماہ کی مخلوط حکومت میں سیاسی اور معاشی پہل کے تعلق سے نمایاں پیشرفت نہ ہوسکی حالانکہ ان کے والد نے کئی جرأت مندانہ قدم اٹھائے تھے ۔ یہاں تک کہ انہوں نے بی جے پی سے جو یہاں مقبولیت نہیں رکھتی اتحادبھی کیا ۔