محبت کی شادی کرنے جا رہی بیٹی کو زندہ جلادیا گیا

کھنڈوا 20جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے ضلع کھنڈوا میں آج صبح ایک لڑکی کو زندہ جلا کر مارنے کے معاملے میں آنر کلنگ کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق گرام چین پور سرکارکے رہنے والے لکشمی بائی کو آج صبح اس کے والد سندر لال نے زندہ جلا دیا، جس سے لڑکی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ملزم والد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ لڑکی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے ۔اس کی باریکی سے جانچ کی جا رہی ہے ۔گاؤں کے ہی ایک نوجوان کا الزام ہے کہ لکشمی اس سے محبت کرتی تھی اور اس سے کورٹ میرج کرنے آ رہی تھی۔ لڑکی کا خاندان اس کے خلاف تھا اور اس وجہ سے آج صبح جب وہ آنے لگی تو اسے مٹی کا تیل ڈال کر زندہ جلا دیا گیا۔لڑکی کے چلانے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے اور انہوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔