ڈھاکہ ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش نے آج بانی ملک بانگابندو شیخ مجیب الرحمن کو انتہائی پراثر خراج عقیدت ادا کیا جنہیں 1975ء کی ایک بغاوت میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ صدر عبدالحمید اور وزیراعظم شیخ حسینہ نے ڈھاکہ میں واقع بانگابندو ببن کے روبرو واقع شیخ مجیب الرحمن کے مقبرہ پر پھول چڑھاتے ہوئے خراج عقیدت ادا کیا۔ اسپیکر شیرین شرمین چودھری، چیف جسٹس ایم مزمل حسین، سیاسی قائدین اور سینئر سرکاری عہدیداروں نے تقریب میں شرکت کی۔ بنگلہ دیش کے بابائے قوم مجیب الرحمن کو مسلح فورسیس کے دستوں نے سلامی دی۔ سرکاری تقاریب کے علاوہ حکمراں عوامی لیگ کی جانب سے آج کئی یادگار پروگرام منعقد کئے گئے۔ شیخ حسینہ جو عوامی لیگ کی صدر بھی ہیں، اپنے والد کو ان کی جماعت کی طرف سے خراج عقیدت ادا کیا۔