حیدرآباد 3 نومبر ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج کہا کہ مجوزہ پنچایتی راج ایکٹ کے ذریعہ مجالس مقامی کے کام کاج کو موثر بنایا جانا چاہئے ۔ چندر شیکھر راؤ نے آج مجوزہ قانون سازی کے مسئلہ وزرا اور عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری اعلامیہ کے بموجب چیف انہوں نے کہا کہ مجوزہ قانون کے ذریعہ مجالس مقامی کے کام کاج کو موثر بنانے کی ضرورت ہے اور حکومت کو ان افراد کے خلاف کارروائی کا اختیار ہونا چاہئے جو اپنے فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن عہدیداروں کو پنچایتی راج اداروں کی سمجھ بوجھ اور تجربہ ہے ان کی تجاویز پر بھی مجوزہ قانون کو قطعیت دینے سے پہلے غور کرنا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ اگر ممکن ہوسکا تو مجوزہ بل کو اسمبلی کے جاریہ سشن ہی میں پیش کرکے منظور کروایا جانا چاہئے ۔