مجلس ہماری دوست پارٹی چندر شیکھر راؤ کا بیان

حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) صدر ٹی آر ایس و نگران کار چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے مجلس اتحادالمسلمین سے انتخابی مفاہمت کے تعلق سے کہا کہ ’ٹی آر ایس اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی اور کسی سے انتخابی مفاہمت نہیں کریگی، تاہم مجلس کے تعلق سے کہا کہ مجلس اتحادالمسلمین اُن کی دوست پارٹی (فرینڈلی پارٹی) ہے، لہذا دوست پارٹی رہنے کی وجہ سے انتخابات میں مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے فوری بعد منعقدہ انتخابات میں ٹی آر ایس کو اکثریت حاصل ہونے پر حکومت کی تشکیل دی گئی لیکن اس کے فوری بعد دہلی میں بعض سیاسی طاقتوں کی جانب سے حکومت کو غیرمستحکم بنانے کیلئے کوششوں سے خود صدر مجلس نے دہلی سے انہیں مطلع کیا تھا اور ریاست تلنگانہ کے معاملے میں اپنے تعاون کا پیشکش کیا تھا جس کی روشنی میں ٹی آر ایس نے مجلس کے ساتھ دوستی کی اور یہ دوستی برقرار ہے اور آئندہ بھی برقرار رہے گی جس کی روشنی میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں مجلس کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔