مافیا مجرمین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ، چندرا بابو نائیڈو
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اگست : ( این ایس ایس ) : اے پی چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اس بات کو واضح کیا کہ مجرمین کے ساتھ رعایت کا کسی بھی صورت میں کوئی سوال نہیں پیدا ہوتا ۔ ریاستی اسمبلی میں لا اینڈ آرڈر صورتحال پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے نائیڈو نے کہا کہ جو کچھ پیش آیا ہے اس کا الزام مجھ پر دیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے سابقہ دور حکومت میں شہر حیدرآباد میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر تھی جب کہ اس دور میں حیدرآباد میں کبھی کرفیو لاگو نہیں کیا گیا ۔ اے پی چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت لینڈ مافیا ، ریت ، معدنیات مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرے گی اور معاشرہ میں امن و ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مائننگ مافیا کی میڈیا کانفرنس سے خوف زدہ نہیں ہوئے تھے جب کہ مافیا کی عالمی رائے عامہ سخت خلاف ہے ۔ اے پی چیف منسٹر نے ننگانوری پرکاشم پنتلو کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ریاست کے لیے عظیم مجاہد قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات کو خراج تحسین کے لیے ریاستی سطح پر ننگونوری جینتی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا ۔ قبل ازیں وائی ایس آر کانگریس پارٹی ارکان اسمبلی جن کی قیادت وائی ایس جگن موہن ریڈی کررہے تھے ۔ ان کی آواز کو سنی ان سنی کردینے کا الزام لگاتے ہوئے ایوان سے واک آوٹ کردیا ۔ جگن موہن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اسپیکر اسمبلی برسر اقتدار ارکان کو زائد موقع فراہم کررہے تھے اور جب ہم وائی ایس آر سی پی کارکنان کے قتل کے تعلق سے آواز اٹھایا اسپیکر اسمبلی نے تلگو دیشم رکن کو تقریر کا موقع فراہم کیا ۔ اور اس طرح اصل موضوع سے توجہ ہٹائی گئی ۔۔