کوٹہ( راجستھان) ۔/24اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) پولیس نے گزشتہ 2 ماہ سے ڈکیتی اور رہزنی کی مختلف وارداتوں میں ملوث 7رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ٹولی کی سرغنہ ایک خاتون ممتا مینا ہے ۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کوٹہ سٹی ڈاکٹر رمن دیپ سنگھ کپور نے بتایا کہ مجرمین کو منگل کی شب گرفتار کرکے کل مقامی عدالت میںپیش کیا گیا اور انہیں تین یوم کیلئے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ شہر کوٹہ میں لوٹ مار اور رہزنی کے واقعات میں اضافہ کے پیش نظر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جو کہ ملزمین کو پکڑنے کیلئے گزشتہ 15یوم سے مشتبہ مقامات پر دھاوے کررہی تھی۔ باوثوق ذرائع سے اطلاع ملنے پر علاقہ ریلوے کالونی میں چہارشنبہ کی شب دھاوا کیا گیا اور ٹولی کی سرغنہ اور دیگر 6ارکان کو گرفتار کرلیاگیا۔ پولیس کی تفتیش کے دوران ملزمین نے یہ اقبال جرم کیا کہ 10فبروری تا 7اپریل لوٹ مار کی 9وارداتوں کا ارتکاب کیا گیا۔ اس ٹولی کی سرغنہ ممتا مینا کا تعلق ضلع گنگا پور سے ہے اور وہ فی الحال سیلف ہیلپ گروپ اور مائیکرو فینانسنگ کمپنی چلارہی ہے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ ممتا مینا تاجروں اور بیوپاریوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر نگرانی رکھتی اور ایک منصوبہ تیار کرکے ٹولی کے ارکان کے حوالے کرتی۔ جس کے مطابق جرم کا ارتکاب کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ ملزمین کو پولیس کی تحویل میں لینے کے بعد مزید جرائم کا انکشاف ہوسکتا ہے۔