مجرموں کو کیفرکردار تک پہونچایا جائے

طالب علم کی بہیمانہ موت پر دینی مدارس بورڈ تلنگانہ و آندھرا پردیش کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اکٹوبر : ( راست ) : دینی مدارس بورڈ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے عہدیداران ، مولانا شاہ محمد جمال الرحمن صدر ، مولانا احمد محی الدین نظامی ، مولانا صفی احمدمدنی ، مولانا میر قطب الدین علی چشتی (نائب صدور ) ، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ( جنرل سکریٹری ) ، مولانا غیاث الدین رحمانی ، جناب رحیم الدین انصاری ، مولانا حافظ خواجہ نذیر الدین سبیلی ( سکریٹریز ) ، مولانا عبدالقوی ( خازن ) ، مولانا مقصود یمانی ( آرگنائزر ) نیز اور دیگر نے بیان میں فرسٹ لانسر میں واقع ایک دینی مدرسہ کے طالب علم شیخ مصطفی الدین کو زندہ جلانے کے واقعہ کی مذمت کی اور کہا ہے کہ یہ انتہائی بدبختانہ اور لاقانونیت پر مبنی دل دہلا دینے والا واقعہ ہے ۔ فوجیوں نے محض 11 سالہ طالب علم کو کسی سبب کے بغیر بلایا اور ایسی انسانیت سوز حرکت کی کہ غنڈہ عناصر بھی ایسا نہیں کرتے ، نہ یہ صرف ایک معصوم بچہ کا قتل ہے بلکہ قانون کے رکھوالوں اور امن کے محافظین کی جانب سے قانون کا قتل ہے ، دینی مدارس بورڈ تلنگانہ و آندھرا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پوری ذمہ داری اور تیز رفتاری کے ساتھ اس واقعہ کی تحقیق کی جائے ، مجرمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور انہیں کیفر کردار تک پہونچایا جائے نیز مقتول کے والدین کو معاوضہ ادا کیا جائے بورڈ نے کہا کہ ملٹری کیمپ کی وجہ سے بار بار علاقہ میں آباد مکینوں کو ہراساں کیا جاتا ہے اور خواتین کو تنگ کیا جاتا ہے ۔ اسلئے حکومت کو چاہئے کہ اس کا حل نکالے اور فوجی کیمپوں کو آبادیوں سے دور رکھے ۔