مجاہد آزادی جناب محمد جلیل پاشاہ کا تہنیتی جلسہ

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( راست ) : جناب محمد جلیل پاشاہ مجاہد اردو کا تہنیتی جلسہ بہ ضمن فروغ اردو نامپلی تعلیمی کیمپس 13 اپریل کو منعقد ہوا ۔ جس کا اہتمام گورنمنٹ اردو میڈیم لکچررس اسوسی ایشن نے کیا ۔ اس جلسہ کی صدارت پروفیسر انیس صدیقی نے کی ۔ جناب جلیل پاشاہ کی پچاس سالہ تعلیمی تہذیبی و ثقافتی خدمات کو اجمالی طور پر جناب ابوالفتح فضل اللہ نے پیش کیا ۔ جناب سید عصیم قریشی نے ان کی خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے سراہنا کی اور اردو یونیورسٹی میں ہونے والے نا انصافیوں پر اظہار تاسف کیا اور اردو یونیورسٹی بچاؤ تحریک شروع کرنے کی خواہش کی ۔ جناب عارف الدین احمد نے بھی مخاطب کیا ۔ صدر جلسہ جناب انیس صدیقی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک میں جلیل پاشاہ کے رول پر صراحت سے روشنی ڈالی ۔ جناب سیتارام پرنسپل نے جلیل پاشاہ کی ان کے تقرر میں اعانت پر اپنی ممنونیت کا اظہار کیا ۔ احمد اللہ قریشی نے بحسن و خوبی نظامت کے فرائض انجام دئیے اور خصوصی طور پر ہر مقرر کو موزوں شعر سے مدعو کیا ۔ جناب خواجہ عظیم الدین ، محمد سمیع الدین ، شمس الدین اور جاوید کمال نے بھی مخاطب کیا ۔ حافظ و قاری عبدالعلی کی تلاوت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہو اور ڈاکٹر عماد الدین کے اظہار تشکر پر جلسہ اختتام کو پہنچا ۔ جلسہ گاہ شرکاء کی کثیر تعداد کی وجہ تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا ۔۔