مجالس مقامی انتخابات ‘ آخری مرحلہ میں پرامن پولنگ

حیدرآباد 14 مئی ( این ایس ایس ) زیڈ پی ٹی سی اور ایم پی ٹی سی انتخابات کیلئے پولنگ کا آخری مرحلہ آج منعقد ہوا ۔ آج صبح سات بجے سے 9,494 بوتھس میں ووٹ ڈالے گئے جو تلنگانہ کے 27 اضلاع میں پھیلے ہوئے تھے ۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے پرسکون انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے موثر انتظامات کئے گئے تھے ۔ اطلاعات کے بموجب تیسرے مرحلے میں انتخابات پر امن رہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ کمیشن نے مطلع کیا کہ ریاست بھر میں رائے دہی صبح 7 بجے شروع ہوکر شام پانچ بجے مکمل ہوئی جبکہ نکسلائیٹس سے متاثرہ مقامات پر رائے دہی چار بجے ختم کردی گئی ۔ سہ پیر تین بجے تک جملہ 70.05 فیصد رائے دہندوں نے اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا تھا ۔ اوسطا ایم پی ٹی سی کیلئے فی نشست تین اور زیڈ پی ٹی سی کیلئے فی نشست پانچ امیدوار میدان میں ہیں۔ ان انتخابات کے نتائج کا 27 مئی کو ووٹوں کی گنتی کے بعد اعلان کیا جائیگا ۔ پہلے دو مراحل میں 6 مئی اور 10 مئی کو پولنگ ہوئی تھی ۔