کے سی آر کی رہائش گاہ پر وزراء کا اجلاس، وزراء ضلعی انچارج مقرر
حیدرآباد۔/29جون،( سیاست نیوز) مجالس مقامی کے اداروں میں صدر نشین کے عہدہ پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنی قیامگاہ پر وزراء کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ برسر اقتدار پارٹی چاہتی ہے کہ ضلع اور منڈل پریشد اور میونسپل اداروں کے صدورنشین کے عہدوں پر پارٹی کے امیدوار کامیابی حاصل کریں۔ اجلاس میں اس سلسلہ میں حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا اور چیف منسٹر نے صدورنشین کے انتخاب کے سلسلہ میں مختلف وزراء کو اضلاع کا انچارج مقرر کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور وزیر ایکسائیز پدما راؤ کو ضلع محبوب نگر کا انچارج مقرر کیا گیا کیونکہ اس ضلع سے کابینہ میں کوئی نمائندگی نہیں ہے۔ تمام ضلع انچارج وزراء کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ صدور نشین کے انتخابات کے سلسلہ میں تمام ارکان کی موجودگی اور دیگر جماعتوں کی تائید کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کریں۔ خاص طور پر ایسے اداروں پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں کسی بھی پارٹی کو اکثریت حاصل نہیں ہوئی ہے۔ ان اداروں پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر نے وزراء کو ہدایت دی۔ وہ آزاد منتخب نمائندوں اور دیگر ہم خیال جماعتوں سے مشاورت کے ذریعہ ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔