مجالسِ مقامی کے انتخابی نتائج کا آج اعلان

رائے شماری کے لئے وسیع تر انتظامات، ریاستی الیکشن کمشنر کا بیان

حیدرآباد /11 مئی (سیاست نیوز) ریاست میں گزشتہ دنوں 10 میونسپل کارپوریشن اور 146 بلدیات و نگر پنچایت کے لئے منعقدہ انتخابات کی رائے شماری کل 12 مئی کو صبح 8 بجے سے شروع ہوگی۔ میونسپل کارپوریشنس و بلدیات کے لئے ووٹوں کی گنتی کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور 155 مراکز پر ووٹوں کی گنتی کے عمل کا آغاز ہوگا۔ ان ووٹوں کی گنتی کے لئے زائد از 15 ہزار ملازمین و عہدہ داروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں اور ان 10 میونسپل کارپوریشن اور 146 بلدیات کے انتخابات میں چوں کہ الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ووٹوں کی گنتی بآسانی جلد سے جلد مکمل کرلی جائے گی۔ توقع ہے کہ کل 12 مئی کو دوپہر تک نتائج حاصل ہو جائیں گے۔

آج شام اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمشنر رماکانت ریڈی نے یہ بات بتائی۔ انھوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے بعد میئر، ڈپٹی میئر، صدر نشین اور نائب صدر نشین بلدیات کے انتخابات سے متعلق وہ قطعی تاریخ نہیں بتا پائیں گے، کیونکہ میئر، ڈپٹی میئر، صدر نشین اور نائب صدر نشین بلدیات کے انتخاب کے لئے ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کو بھی ووٹ کا حق دیا گیا ہے، لہذا فی الوقت کوئی رکن اسمبلی اور رکن پارلیمان نہ رہنے کی وجہ سے ان عہدہ داروں کا انتخاب فوری طورپر ممکن نہیں ہوسکے گا، تاہم منتخبہ ارکان پارلیمان و اسمبلی اپنی رکنیت کا حلف لینے کے بعد ہی بحیثیت رکن پارلیمان و رکن اسمبلی میئر، ڈپٹی میئر، صدر نشین اور نائب صدر نشین عہدوں کے لئے منعقد ہونے والے انتخاب میں ووٹ دینے کے اہل ہوں گے۔ اسی طرح میئر، ڈپٹی میئر، صدر نشین اور نائب صدر نشین بلدیات کے عہدوں کے لئے عام انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد منتخبہ ارکان کی حلف برداری کے تین چار یوم بعد ہی انتخابات کے انعقاد کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میئر، ڈپٹی میئرس، بلدی کارپوریشن کے صدر نشین اور نائب صدر نشین کے لئے بالواسطہ انتخابات منعقد کرنے کے لئے انتخابی تاریخ سے تین دن قبل باقاعدہ طورپر اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔