مثالی پنچایت راج قانون کی تیاری پر زور

ترامیم کیلئے اواخر ڈسمبر میں خصوصی مقننہ اجلاس متوقع ‘ کرشنا راؤ
حیدرآباد 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر پنچایت راج جے کرشنا راؤ نے ملک کیلئے مثالی ثابت ہونے والا نیا پنچایت راج قانون تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ واضح رہے کہ پنچایت راج قانون میں ترمیم کرنے کے لئے ڈسمبر کے اواخر میں اسمبلی و کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا قوی امکان ہے۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے پنچایت راج قانون میں ترمیم کرنے کا جائزہ لینے اور نئے قانون سازی کی حکومت کو سفارشات کرنے کے لئے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات جے کرشنا راؤ نے محکمہ پنچایت راج کے اعلیٰ عہدیداروں اور کمیٹی کے ارکان کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے نئی قانون سازی کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ کمیٹی کے ارکان نے انھیں بتایا کہ نئی قانون سازی کا کام آخری مراحل میں پہونچ چکا ہے۔ طویل مشاورت اور ملک کے مختلف ریاستوں میں موجود پنچایت راج قوانین کا جائزہ لینے کے بعد نیا قانون تیار کرنے کے خدوخال تیار کئے جارہے ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر نے جو خاکہ پیش کیا ہے اس کے تناظر میں خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے کام کیا جارہا ہے۔ وزیر پنچایت نے کہاکہ حکومت نے ریاست میں اضلاع کی تنظیم جدید کی ہے جس سے کئی نئے منڈل بھی قائم ہوئے ہیں۔ پنچایت راج کی نئی قانون سازی سے تلنگانہ کے مقامی ادارے کو مزید اختیارات حاصل ہونے کے ساتھ مستحکم ہوں گے۔ اس اجلاس میں محکمہ پنچایت راج کے پرنسپل سکریٹری وکاس راج، کمشنر نیتو پرساد کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔