متھراجمنا ایکسپریس وے پر ایمبولینس۔ کار میں خوفناک حادثہ ،7افراد کی موت

متھرا، 19 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ضلع متھرا کے بلدیو علاقہ میں منگل کی صبح ایک ایمبولینس اور کار کے درمیان خوفناک ٹکرمیں 7 افراد کی موت ہو گئی اور دیگر چھ زخمی ہو گئے ۔پولیس سپرنٹنڈنٹ آدتیہ شکلا نے یہاں اس حادثہ کی اطلاع دی ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایمبولینس جموں سے لاش لے کر پٹنہ جا رہی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جمنا ایکسپریس وے پر بلدیو علاقہ میں تیز رفتار ایمبولینس ڈیوائڈر توڑ کر پلٹ گئی۔ انہوں نے بتایا کہ آگرہ سے دہلی جا رہی تیز رفتار کار ایمبولینس سے ٹکرا گئی۔اس حادثہ میں سات افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی وہ خود پولیس فورس کے ساتھ موقع پر پہنچے اور تباہ گاڑیوں سے زخمیوں اور لاشوں کو باہر نکلوایا۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ ایمبولینس میں کتنے لوگ تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں اور زخمیوں کے بارے میں پتہ لگایا جا رہا ہے ۔ تمام زخمی بیہوشی کی حالت میں ہیں ،انہیں علاج کے لئے آگرہ اسپتال بھیج دیا گیا ہے ۔