متولی درگاہ حضرات یوسفینؒ فیصل علی شاہ معطل

انتظامات کی نگرانی کیلئے ڈپٹی سکریٹری وقف انچارج مقرر، بعد تحقیقات وقف بورڈ کی کارروائی
حیدرآباد۔/24اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاستی وقف بورڈ نے درگاہ حضرات یوسفین ؒ نامپلی کے متولی کی حیثیت سے فیصل علی شاہ کو برطرف کردیا ہے۔ برطرفی کے احکامات وقف بورڈ کے عہدیداروں نے شخصی طور پر فیصل علی شاہ کے حوالے کئے اور درگاہ اور اس سے متعلق تمام انتظامات کی نگرانی اور انصرام کیلئے ڈپٹی سکریٹری وقف بورڈ سلطان محی الدین کو انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ فیصل علی شاہ کے خلاف مختلف الزامات کے سبب انہیں بورڈ نے سابق میں معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کیا تھا۔ تحقیقاتی افسر نے گذشتہ دنوں بورڈ کو اپنی رپورٹ پیش کردی جس میں بتایا جاتا ہے کہ متولی کے خلاف الزامات کو درست قرار دیا گیا۔ چونکہ وقف بورڈ میں اسپیشل آفیسر کا عہدہ 18جون کے بعد خالی تھا لہذا بورڈ نے تحقیقاتی رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں کی تاہم اب جبکہ اسپیشل آفیسر کا تقرر ہوچکا ہے بورڈ نے رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اسے قبول کرلیا اور فیصل علی شاہ کو برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ بورڈ کے ذرائع نے بتایا کہ متولی کے خلاف جو الزامات عائد کئے گئے تھے ان میں وقف فنڈ کی عدم ادائیگی، غلہ اور دیگر ذرائع سے ہونے والی آمدنی کا حساب کتاب بورڈ کو پیش نہ کرنا، کرایہ داروں سے ہونے والی آمدنی کے حساب کو مخفی رکھنا اور قبرستان میں تدفین کیلئے بھاری رقومات کے حصول جیسے اُمور شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ریٹائرڈ ڈپٹی کلکٹر واحد خاں نے تحقیقات کے بعد بورڈ کو رپورٹ پیش کی۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے کل شخصی طور پر احکامات فیصل علی شاہ کے حوالے کئے اور انتظامات کو اپنی نگرانی میں لے لیا۔ ویسے معطلی کے بعد سے ہی وقف بورڈ انتظامات کی نگرانی کررہا تھا تاہم متولی اور ان کے حامیوں کی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کی جارہی تھیں۔ مستقل طور پر نگرانی کیلئے ڈپٹی سکریٹری کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فیصلہ کے بعد متولی کو درگاہ سے متعلق کسی بھی مسئلہ میں مداخلت کا کوئی اختیار نہیں رہے گا۔ بورڈ درگاہ کے مذہبی اُمور کی انجام دہی کے سلسلہ میں کل پیر کے دن کوئی فیصلہ کرسکتا ہے۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ سابق میں معطلی کے خلاف متولی ہائی کورٹ سے رجوع ہوئے تھے تاہم عدالت سے انہیں کوئی راحت نہیں ملی۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض دیگر اوقافی اداروں کے خلاف شروع کی گئی تحقیقات کی رپورٹ بھی بورڈ کو وصول ہوچکی ہے جن کے بارے میں بہت جلد فیصلہ کیا جائے گا۔