نئی دہلی 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بار کونسل آف انڈیا نے 2 وکلاء کو وجہ نمائی نوٹس جاری کردی ہے جنھوں نے 16 ڈسمبر اجتماعی عصمت ریزی کیس پر بنائی گئی ایک دستاویزی فلم میں خواتین کے خلاف نازیبا ریمارکس کئے تھے۔ ان کے ریمارکس قابل اعتراض اور غیر شائستہ طرز عمل کو ظاہر کرتا ہے۔ بار کونسل آف انڈیا کے صدرنشین منان کمار مصرا نے بتایا کہ ایم ایل شرما اور اے پی سنگھ کو بی بی سی ڈاکومنٹری میں ان کے مبینہ ریمارکس پر شوکاز نوٹس جاری کردی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مذکورہ دو وکلاء جنھوں نے عدالت میں ملزم کی پیروی کی تھی۔ بادی النظر سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان کے ریمارکس پیشہ وکالت کیلئے زیب نہیں دیتے اور وجہ نمائی نوٹس کا جواب دینے کے بعد مستقبل کی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔