مبشرالدین خرم کا دورۂ امریکہ

حیدرآباد 24 جولائی (سیاست نیوز) اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست جناب محمد مبشرالدین خرم امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی دعوت پر ایک ماہ طویل دورۂ امریکہ پر آج رات روانہ ہوئے۔ وہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے چلائے جانے والے پروگرام ’’انٹرنیشنل وزیٹر لیڈرشپ‘‘ بعنوان ’’یو ایس فارن پالیسی فار جرنلسٹ‘‘ میں شرکت کریں گے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے منعقد کئے جارہے آئی وی ایل پی پروگرام کا یہ 75 واں سال ہے اور اس اعتبار سے امریکی محکمہ خارجہ اس سال کو ڈائمنڈ جوبلی کے طور پر منارہا ہے۔ محمد مبشرالدین خرم دورۂ امریکہ کے دوران واشنگٹن، فلاڈلفیا، ڈیٹرائٹ، جیکسن، ٹیکسن، مسی سپی، اریزونا میں سرکاری و غیر سرکاری اداروں کے سربراہوں کے علاوہ صحافتی اداروں کے ذمہ داروں سے ملاقات کریں گے۔ پروگرام کے اختتام کے بعد وہ شکاگو اور نیویارک کا دورہ کریں گے جہاں وہ حیدرآبادی و ہندوستانی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے حالات سے آگہی حاصل کریں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بے محل نہ ہوگا کہ ماضی میں اسٹاف رپورٹر سیاست سعودی عرب، ترکی، لبنان، شام، پاکستان، ایران کے علاوہ امریکہ کا بھی دورہ کرچکے ہیں۔