ماینارٹیز فینانس کارپوریشن کی بینک لون کی آخری تاریخ میں 15 اپریل تک توسیع

عوامی مطالبہ پر حکومت تلنگانہ کا اقدام ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ مارچ : ( پریس نوٹ ) : حکومت تلنگانہ نے تلنگانہ اسٹیٹ ماینارٹیز فینانس کارپوریشن نے اقلیتی نوجوانوں کو بینک سے قرضہ جات پر سبسیڈی کی اسکیم کے تحت درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ میں 15 اپریل 2015 تک توسیع کردی ہے ۔ اس سلسلہ میں جناب سید عمر جلیل آئی اے ایس اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود نے آج جی او ایم ایس نمبر 17 جاری کیا ہے ۔ نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ ماینارٹیز فینانس کارپوریشن پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ 27 مارچ کو ختم ہورہی تھی اور عوام کے مختلف گوشوں کی جانب سے تاریخ میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا ۔ چنانچہ چیف منسٹر جناب کے چندر شیکھر راؤ نے عوام کے اس مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے آخری تاریخ کو بڑھا کر 15 اپریل کردینے سے اتفاق کرلیا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید بتایا کہ اقلیتی افراد جن کی عمر 21 سال سے 55 سال تک ہو ۔ وہ اس اسکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں اور اپنے فن ، تجربہ اور ہنر مندی کے لحاظ سے مناسب کاروبار کے لیے قرض حاصل کرنے کے لیے آن لائن tsobmms.cgg.gov.in پر درخواستیں داخل کرسکتے ہیں ۔ آن لائن درخواست داخل کیے جانے کے بعد اس کی ہارڈ کاپی کا پرنٹ لے کر اسے کارپوریشن کے متعلقہ ایکزیکٹیو ڈائرکٹر کے پاس داخل کی جائے اور اس کے ساتھ انکم سرٹیفیکٹ ، آدھار کارڈ ، بینک پاس بک کے پہلے صفحہ کی کاپی ، راشن کارڈ کی کاپی ، سامان اور مشنری کا کوٹیشن اور دو عدد فوٹوز منسلک کی جائیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسکیم سے استفادہ کے لیے سالانہ آمدنی کی حد دیہی علاقوں کے لیے 60 ہزار روپئے سالانہ اور شہری علاقوں کے لیے 75 ہزار روپئے سالانہ ہو ۔ قرض کی حد 2.5 لاکھ روپئے اور ٹرانسپورٹ کے لیے 3 لاکھ روپئے ہے ، جس پر پچاس فیصد سبسیڈی دی جائے گی جس کی زیادہ سے زیادہ حد ایک لاکھ روپئے ہوگی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کارپوریشن کی جانب سے مختلف ہنر مندیوں اور مہارتوں کے لیے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام بہت جلد شروع کئے جارہے ہیں ۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار متعلقہ ایکزیکٹیو ڈائرکٹر کے دفتر سے تفصیلات حاصل کر کے اپنی دلچسپی کے کورس میں شرکت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں ۔۔