اعظم گڑھ۔ 28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں اعظم گڑھ کے آئی ٹی آئی میدان میں آج ہو رہی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی ریلی میں صبح سے ہی ہجوم لگا ہوا ہے ۔بی ایس پی سربراہ مایاوتی اس ریلی کو دوپہر بعد خطاب کریں گی لیکن صبح آٹھ بجے ہی 60 ہزار کا مجمع والا آئی ٹی آئی کا میدان بھر گیاہے ۔اس ریلی میں اعظم گڑھ، گورکھپور اور بستی ڈویژنوں کے 67 اسمبلی حلقوں سے لوگوں کو آنا ہے ۔ اسٹیج پوری طرح تیار ہے ۔مایاوتی کے ہیلی کاپٹر کے اترنے کے لئے اسٹیج کے پاس ہی ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے ۔علاقے کی 67 اسمبلی نشستوں کے امیدواروں اور ڈویژنل صدور اور ضلع صدور کے بیٹھنے کے لئے الگ الگ جگہیں بنائی گئی ہیں۔ریلی کے لئے سیکورٹی کے سخت بندوبست کئے گئے ہیں۔ ارد گرد کے اضلاع کی پولیس کے ساتھ ہی پی اے سی کی کئی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔