ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمود علی کے نام جناب علی رضا کا پریس نوٹ
حیدرآباد ۔ 23 ۔ ستمبر : ( پریس نوٹ ) : صدر سیرت زہرا کمیٹی ( سنٹرل ) جناب علی رضا نے ماہ محرم جس کا 3 اکٹوبر سے آغاز ہورہا ہے کے انتظامات کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کے نام ایک پریس نوٹ کے ذریعہ حکومت تلنگانہ اور محکمہ وقف بورڈ کو چند تجاویز پیش کیں ۔ ان تجاویز میں ماہ محرم سے ایک ماہ قبل انتظامات کا آغاز ، عاشور خانوں کی مرمت کے لیے بجٹ میں اضافہ ، عاشور خانوں کے پاس بہتر سیکوریٹی ، یہاں لیڈی پولیس کی تعیناتی ، خاص طور پر دسویں محرم کو اضلاع سے آنے والوں کے لیے غذا ، رہائش کا انتظام ، عاشور خانہ حضرت عباس ( اے ایس ) گولکنڈہ اور مولا علی تا عزاء خانہ زہرا دارالشفاء عقیدت مندوں کے لیے آر ٹی سی بسوں کی سہولت ، محرم کے پیش نظر بی بی کا الاوہ کے راستے میں تعمیری کام کی مسدودی ، مدینہ سرکل علاقے میں ٹرافک تحدیدات سے استثنیٰ ، ماہ محرم میں بلا رکاوٹ برقی سربراہی کو یقینی بنانا شامل ہے ۔ صدر سیرت زہرا کمیٹی نے مشہور تاریخی عاشور خانوں جیسے بی بی کا الاوہ دبیر پورہ ، عزا خانہ زہرا دارالشفاء ، الاوہ سرطوق ، بارگاہ حضرت عباس دیوان دیوڑھی ، عاشور خانہ نعل صاحب پتھر گٹی ، بادشاہی عاشور خانہ مدینہ سرکل اور دیگر عاشور خانوں کا شام کے اوقات میں اعلی عہدیداروں کے ہمراہ دورہ کرنے کی ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کا اظہار کیا ۔ اس بات کی درخواست کی گئی ہے کہ ڈی سی پی ساوتھ زون وقف بورڈ سی ای او کو ایک کمیٹی کے قیام کے ذریعہ شیعہ طبقہ کے روز بہ روز مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کی اجازت دینے کی بھی ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی گئی ۔ اس کے ساتھ محرم کے معاملات میں کسی بھی سیاسی جماعتوں کے دخل کو مسترد کرنے کی گذارش کی ۔ صدر سیرت زہرا کمیٹی نے آخر میں اس بات کی امید جتائی کہ محرم کیلئے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔۔