حکومت کی عدم دلچسپی، عہدیداروں کا نرم رویہ، محکمہ آثار قدیمہ کی کام میں سست روی
حیدرآباد۔3فروری(سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں جاری مرمتی کام رمضان المبارک سے قبل ختم نہیں کئے جا سکیں گے۔ محکمہ آثار قدیمہ کی نگرانی میں جاری مکہ مسجد کے مرمتی کاموں کا سلسلہ انتہائی سست رفتاری کے ساتھ جاری ہے اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے رقومات کی اجرائی کے باوجود بھی مکہ مسجد کے کاموں کو تیز نہیںکیا جا رہاہے جس کے سبب ماہ رمضان المبارک کے دوران بھی مرمتی کاموں کے جاری رہنے کا خدشہ ہے۔شہر حیدرآباد میں موجود تاریخی مکہ مسجد کے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کے متعدد اعلانات کے باوجود بھی ان کاموں کی تکمیل پر حکومت کی جانب سے عدم دلچسپی اور عہدیداروں کے ساتھ نرم رویہ کے سبب ان کاموں کی رفتار سست ہے اور اس سلسلہ میں کسی بھی گوشہ سے کوئی استفسار نہ کئے جانے کے سبب صورتحال انتہائی ابتر ہوتی جارہی ہے اور مرمتی کاموں کی محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے ان کی مرضی کے مطابق رفتار رکھی جا رہی ہے ۔محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر حیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد کے کاموں کو وسط فروری تک مکمل کرلئے جانے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا لیکن اب ایسا نہیں لگ رہا ہے کہ ان کاموں کی تکمیل ماہ فروری کے اختتام تک بھی مکمل کی جائے گی بلکہ محکمہ اقلیتی بہبود کے مطابق تاریخی مکہ مسجد میں جاری مرمتی کاموں کی تکمیل آئندہ دوتا تین ماہ میں بھی مکمل ہونے کے آثار نہیں ہیں۔محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ شہر کی اس تاریخی مسجد کی مرمت کیلئے انتہائی باریکی کے ساتھ مرمتی کام انجام دیئے جارہے ہیں اسی لئے ان کامو ںمیں تاخیر ہو رہی ہے ۔عہدیدار جو کہ ان کاموں کی نگرانی انجام دے رہے ہیں ان کا کہناہے کہ تاریخی مکہ مسجد کے کاموں کی تکمیل کے لئے فروری وسط تک کی مہلت فراہم کی گئی تھی لیکن محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے بجٹ کی اجرائی میں کی جانے والی تاخیر کے باعث بھی کامو ںمیں کچھ رکاوٹ پیدا ہوئی ہے اورجب سے کام شروع کئے گئے ہیں اس وقت سے کاموں کا سلسلہ اسی رفتار سے جاری ہے۔بتایاجاتاہے کہ محکمہ آثار قدیمہ کی جانب سے مکہ مسجد کی چھت کی مرمت کے کاموں کو مکمل کرلیا گیا ہے اور اب جو کام باقی ہیں ان میں اندرونی حصہ میں موجود گنبدوں کی مرمت اوردیگر کام ہیں جو تاریخی اہمیت کے مطابق کئے جائیں گے۔