سدی پیٹ میں جائزہ اجلاس۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ کا اعلان
حیدرآباد6 جولائی ( این ایس ایس ) غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے کیونکہ اب تعمیراتی کام تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے سدی پیٹ ضلع میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم پر جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ ‘ گجویل اور دوباک علاقوں میںتعمیراتی کام تکمیل کے مراحل میں ہیں اور استفادہ کنندگان میں یہ مکانات شفاف انداز میں تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی اور ضلع کلکٹر مکانات کی تقسیم عمل میں لائیں گے ۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ مکانات کی تقسیم کا کام پرسکون انداز میں عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ سدی پیٹ میں 1960 مکانات ‘ گجویل میں 1,300 مکانات اور دوباک میں 1000 مکانات کے علاوہ حسن آباد میں 400 مکانات تقسیم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ اگسٹ کے دوسرے ہفتے میں استفادہ کنندگان کے نام کا اعلان ہوگا اور آخری ہفتے میں تقسیم عمل میں آئیگی ۔ ہریش راؤ نے عہدیداروں کو کہا کہ اگر مکانات کی تقسیم میں جانبداری یا رشوت کی شکایت ملی تو انہیں معطل کردیا جائیگا ۔