تھانے ۔ /14 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک ماں کی اپنی بیٹی پر زیادتی کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے پھیل گیا ۔ جس میں دکھایا گیا کہ ایک خاتون اپنے گھر کی چھت سے کم عمر بیٹی کو الٹا لٹکاکر زدوکوب کررہی ہے ۔ اس نے اپنی 8 سالہ بیٹی پر مسلسل چوری کرنے کا شبہ کرتے ہوئے یہ سزا دی ۔ دلچسپ پہلو یہ رہا کہ خاتون کے خلاف کوئی پولیس مقدمہ درج نہیں کیا گیا ۔ اس کے برعکس دو پڑوسیوں کی اس مسئلہ پر لڑائی ہوگئی اورپولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ۔ پڑوسیوں نے جب لڑکی کے رونے اور چیخنے کی آوازیں سنی اور دیکھا کہ ماں اسے بری طرح زدوکوب کررہی ہے ۔ ایک پڑوسی نے اس کی ویڈیو گرافی کرلی اور سوشیل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا ۔ ضلع تھانے کے کلیان میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں چند افراد نے لڑکی کو ماں کے چنگل سے بچانا چاہا لیکن دوسروں نے انہیں روک دیا ۔ اس مسئلہ پر دو گروپس میں بحث چھڑگئی اور ہلکی ہاتھا پائی بھی ہوئی ۔