حیدرآباد 29 اگسٹ (سیاست نیوز) جنوب مغربی مانسون تلنگانہ میں سرگرم ہے۔ محکمہ موسمیات کے بموجب ضلع محبوب نگر اور دیگر مقامات پر آج تیز بارش ہوئی۔ وسطی چھتیس گڑھ اور آس پاس کے علاقوں میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا اثر برقرار ہے۔ اس کے نتیجہ میں ہوا کے دباؤ میں کمی کا مرکز آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گجرات اور اطراف کا علاقہ رہے گا۔ مانسون جنوب مغربی مدھیہ پردیش سے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا وشاکھاپٹنم تک پہونچنے کا امکان ہے۔ اِس کی وجہ سے خلیج بنگال میں بلند موجیں اُٹھ رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے جنوبی ٹاملناڈو، تلنگانہ اور رائلسیما میں سمندری تموج میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اِس کے اثر سے تلنگانہ میں بھی ہلکی سے اوسط بارش ہوگی۔ حیدرآباد اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا اور ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے۔