نئی دہلی۔ 18 جون (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی مانسون 5 تا 7 دن کی تاخیر کے بعد اُڈیشہ، بہار اور مغربی بنگال سے ٹکرا گیا ہے۔ مانسون کی آمد سے کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل گئی۔ شدید گرمی اور طویل رطوبت سے عوام کو راحت نصیب ہوئی۔ توقع ہے کہ مانسون جمعہ کو ساحلی آندھرا اور تلنگانہ میں داخل ہوجائے گا اور بارش کا امکان ہے۔ اُترپردیش اور جھارکھنڈ میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔ بھوبنیشور میں محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر ایس سی ساہو نے کہا کہ یہ مانسون اُڈیشہ کے ساحلی اضلاع میں سرگرم ہے۔ کل یہاں پر اوسط درجہ کی بارش ہوئی۔ اس سے کسانوں اور عام آدمی کو راحت ملی۔ عام طور پر مانسون 13 جون تک اُڈیشہ پہنچ جاتا ہے، لیکن اس مرتبہ 7 دن کی تاخیر ہوئی ہے۔ آئندہ تین دن کے دوران دیگر اضلاع میں بھی بارش ہوگی۔ دہلی میں محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جنوب مغربی مانسون ، ساحلی آندھرا پردیش کے علاوہ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں جمعہ تک پہنچ جائے گا۔