مانسون آئندہ 48 گھنٹوں میں ساحل کیرالا سے ٹکرائیگا

نئی دہلی 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوب مغربی مانسون امکان ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں میں ساحل کیرالا سے ٹکرائیگا ۔ محکمہ موسمیات کے بموجب مانسون کی آمد میں چار دن کی تاخیر ہو رہی ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ کیرالا میں بارش سے متعلق سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور مانسون کسی بھی وقت ساحل سے ٹکرا سکتا ہے ۔ مانسون کا ساحل کیرالا سے ٹکرانا ملک میں موسم بارش کے آغاز کی علامت ہے ۔ ہندوستان میں مانسون کی آمد کی معمول کی تاریخ یکم جون ہے ۔ محکمہ موسمیات نے ابتداء میں یہ پیش قیاسی کی تھی کہ مانسون ایک دن قبل 30 مئی کو ساحل سے ٹکرائیگا تاہم اس میں تاخیر ہوگئی اور اب کہا گیا ہے کہ مانسون کے ساحل کیرالا سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران کسی بھی وقت ٹکرانے کی امید ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی ہے کہ جاریہ سال موسم برسات میں بارش کا اوسط صرف 88 فیصد رہے گا ۔ چنانچہ جاریہ سال موسم برسات کو بارش کی قلت کے زمرے میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔

مانسون کی کمی سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا ‘ پاسوان
احمد آباد 4 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) جاریہ سال کم مانسون کے اندیشوں کے دوران مرکزی وزیرتغذیہ رام ولاس پاسوان نے کہا کہ مانسون کی کمی سے ملک پر کوئی اثر نہیںہوگا کیونکہ ملک میں غذائی اجناس کا وافر ِذخیرہ موجود ہے جو کم از کم ایک سال چل سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خراب مانسون کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ اس سے ہم پر کوئی اثر نیہںہوگا ۔ ہمارے پاس غذائی اجناس کا وافر ذخیرہ موجود ہے ۔ یہ کم از کم ایک سال چل سکتا ہے اورکسی کوبھوکا رہنے کی ضرورت پیش نہیں آئیگی ۔ مسٹر پاسوان سے محکمہ موسمیات کی جانب سے خراب مانسون کی پیش قیاسی کی صورت میں ان کی وزارت کے ہنگامہ منصوبے سے متعلق سوال کیا گیا تھا ۔