مال گاڑی پٹری سے اتری، آمدورفت متاثر

ہردہ،یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع ہردہ کے بھرنگی ریلوے اسٹیشن کے نزدیک کوئلہ سے بھری ایک مال گاڑی آج پٹری سے اتر گئی۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ ضلع بھرنگی ریلوے اسٹیشن سے دو کلومیٹر پہلے صبح پانچ بجے مال گاڑی کا ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا جس سے ممبئی کی طرف جانے والا ریلوے ٹریفک متاثر ہوا۔ گووا اور ادنا ایکسپرے ہردہ اسٹیشن پر کھڑی ہیں۔ مال گاڑی کے پٹری سے اترنے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے ملازمین اور آر پی ایف اسٹاف جائے وقوع کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔ ہردہ ریلوے اسٹیشن منیجر بی کے اپادھیائے نے بتایا کہ اٹارسی۔ممبئی روٹ پر ریلوے ٹریفک فی الحال بند ہے ۔ پٹریوں کی مرمت کا کام تیزی سے چل رہا ہے ۔

بستی ڈیویژن میں اکاونٹنٹوں کی ہڑتال سے شہری پریشان
بستی، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے بستی ڈیویژن میں اکاونٹنٹوں کی جاری ہڑتال سے شہری پریشان ہورہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بستی ڈیویژن کے تینوں اضلاع بستی، سدھارتھ نگر، سنت کبیر نگر کے اکاونٹنٹ اپنے پانچ نکاتی مطالبات کی وجہ سے ہڑتال پر ہیں۔ اس سے شہریوں کو خسرہ، کھتونی کی نقل اور طلبا کو آمدنی، ذات و رہائش سے متعلق سرٹیفکیٹ حاصل کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اکاونٹنٹوں کی ہڑتال کی وجہ سے شہری بلدیاتی اداروں کا الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو بھی سرٹیفکیٹ نہیں مل پارہے ہیں۔ اکاونٹنٹ یونین کے ذرائع نے بتایا کہ مطالبات میں اکاونٹنٹنٹوں کی منتقلی، اکاونٹنٹ کا نام ڈپٹی ریونیو انسپکٹر کئے جانے کے ساتھ اسمارٹ فون دیا جانا شامل ہے ۔