بمباکو ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی مالی کے ٹمبکٹو خطہ میں ایک دہشت گرد حملہ میں 11 فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے جب دہشت گردوں نے ان کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں یہ بات بتائی گئی جبکہ القاعدہ کے فرنٹ گروپ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ جہادی گروپ اب مالی کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنارہے ہیں جبکہ جاریہ سال کے اوائل میں انہوں نے ملک کے وسطی علاقوں پر بھی توجہ مبذول کی جبکہ ماہ جون میں سرحدوں سے قریب جنوبی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ سرحدی علاقے آئیوری کوسٹ اور برکینا فاسوسے متصل ہیں۔ بیان کے مطابق نامعلوم بندوق بردار نے ایک سیکوریٹی چوکی پر حملہ کردیا جو مالی نیشنل گارڈس کی چوکی کہلائے گی جو ٹمبکٹو سے 140 کیلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ 11 گارڈس کی ہلاکت اور ایک گارڈ کے زخمی ہونے کی خبر ہے جس کی سخت مذمت کی جارہی ہے اور اسے بزدل لاقانونیت کا شکار افراد کی کارستانی تصور کیا جارہا ہے۔