ڈیکار (سنیگال)، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مالی کے وسطی علاقے میں چہارشنبہ کو ایک سڑک کنارے بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے اقوام متحدہ کے امن بردار فوج کے چار فوجی بنگلہ دیش کے تھے ۔ اقوام متحدہ نے آج بتایا کہ اس دھماکے میں چار دیگر فوجی زخمی ہوگئے تھے ۔ یہ دھماکہ وسطی مالی کے موپٹی علاقے میں ہوا ہے ، جہاں مسلم جنگجوؤں کے حملوں میں حالیہ عرصے میں اضافہ ہوا ہے ۔ تاہم، حکام نے یہ نہیں بتایا کہ ا س دھماکہ کے لئے کون ذمہ دار ہے ۔ اس سے ایک روز قبل اطراف کے علاقے میں باردوی سرنگ کے دھماکے میں مالی کے چھ فوجیوں کی موت ہوئی تھی۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا کہ سکریٹری جنرل نے بنگلہ دیش اور مالی کی حکومتوں اور مہلوک فوجیوں کے اہل خانہ کے تئیں تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش اقوام متحدہ کی امن بردار فوج میں 7 ہزار جوانوں کے ساتھ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا شراکت دار ملک ہے ۔