مالیگاوں دھماکے ‘ مکوکا لاگو نہیں کیا جاسکتا :این آئی اے

ممبئی 2 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) قومی تحقیقاتی ایجنسی نے آج ایک خصوصی عدالت سے کہا کہ اس کا خیال یہ ہے کہ 2008 مالیگاوں دھماکوں کے مقدمہ میں سخت گیر مکوکا قانون کا اطلاق نہیں ہوتا ۔ اس سلسلہ میں اٹارنی جنرل کی رائے حاصل کی جا رہی ہے ۔ لیفٹننٹ کرنل پرساد سریکانت پروہت اور سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور دائیں بازو کے گروپ کے ارکان اس کیس میں ملزم ہیں۔ این آئی اے نے خصوصی عدالت کے جج ایس ڈی ٹیکالے سے کہا کہ استغاثہ کی جانب سے سینئر حکام بالا سے ضروری مشاورت کا انتظار کیا جا رہا ہے ۔ان کا یہ خیال ہے کہ مکوکا اس کیس میں لاگو نہیں کیا جاسکتا ۔ این آئی اے نے کہا کہ چونکہ یہ مسئلہ اہمیت کا حامل ہے اس لئے اسے وزارت داخلہ سے رجوع کیا گیا ہے اور یہ درخواست کی گئی ہے کہ اس مسئلہ میں اٹارنی جنرل کی رائے حاصل کی جانی چاہئے ۔ عدالت نے اس کیس میں آئندہ سماعت 15 فبروری تک ملتوی کردی ۔