ماقبل چناؤسروے میں عام آدمی پارٹی کو واضح اکثریت

نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کو آج رات دہلی اسمبلی انتخابات میں اکثریت حاصل ہوجانے کی پیش قیاسی کی گئی ہے، جیسا کہ ماقبل چناؤ سروے نے اسے 70 رکنی ایوان میں 46 نشستوں کی عددی طاقت دی ہے جبکہ ’پول آف پولس‘ نے اس پارٹی کیلئے 34 نشستوں کا اندازہ لگایا ہے۔ ٹی وی چیانل ’ہیڈ لائینس ٹوڈے‘ پر انڈیا ٹوڈے۔ سیسیرو پری پول سروے نے عام آدمی پارٹی کو 38 تا 46 نشستیں دی ہیں جبکہ بی جے پی کے حق میں 19 تا 25 نشستیں بتائی گئی ہیں۔ کانگریس کو صرف 3 تا 7 نشستوں کے ساتھ کافی پیچھے رکھا گیا ہے۔ اس سروے کے مطابق عام آدمی پارٹی کو حاصل ہونے والے ووٹوں کا تناسب 43.5 فیصد گمان کیا گیا ہے، بی جے پی کے حق میں 35.5 فیصد اور کانگریس کیلئے
13 فیصدی ووٹ ظاہر کئے گئے ہیں۔ عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کو وزارت اعلیٰ کے منصب کیلئے 44 فیصد ووٹ جبکہ بی جے پی کی کرن بیدی کو 35 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں۔ ’پول آف پولس‘ میں جو 5 سروے کے نتائج کی اساس پر ’ٹائمس ناؤ‘ چیانل پر منعقد کیا گیا، عام آدمی پارٹی کو 70 کے منجملہ 34 نشستیں جبکہ بی جے پی کو 32 اور کانگریس کو 4 نشستیں حاصل ہورہی ہیں۔ 2013 ء کے انتخابات میں بی جے پی نے 31 ، عام آدمی پارٹی نے 28 اور کانگریس نے 8 سیٹیں جیتے تھے۔

اس دوران ڈونیشن کے مسئلہ پر عام آدمی پارٹی کے خلاف بی جے پی کے بڑھتے حملوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کجریوال نے آج حکومت کو چیلنج کیا کہ ان الزامات پر انہیں ’’گرفتار‘‘ کردکھائے اور کہا کہ ان کی پارٹی کوئی بھی مرکزی ادارہ بشمول سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کا سامنا کرنے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’حکومت آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ تمام پولیس اور تحقیقاتی ایجنسیاں آپ کے ساتھ ہیں۔ سی بی آئی ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ، آئی بی اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ بھی آپ کے ساتھ ہے۔اگر آپ میں ہمت ہے تو آپ کیوں مجھے گرفتار نہیں کرتے‘‘۔مشرقی دہلی کے ترلوک پوری حلقہ میں الیکشن ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کجریوال نے ارون جیٹلی پر ان کے اس تبصرہ پر جوابی تنقید کی کہ عام آدمی پارٹی ’’مشکوک‘‘ فنڈس وصول کرتے ہوئے ’’رنگے ہاتھوں پھنس چکی ہے‘‘۔عام آدمی پارٹی کے علحدہ شدہ گروپ نے کل پارٹی کو گزشتہ سال 15 اپریل کو مشکوک کمپنیوں سے 50 لاکھ روپئے کے 4 چیکس وصول کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا تھا۔
اردنی پائلٹ زندہ جلادیا گیا: داعش
بیروت ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) اسلامک اسٹیٹ گروپ نے آج ایک ویڈیو جاری کیا جس میں بتایا جاتا ہے کہ اردنی پائلٹ جسے ڈسمبر میں اغواء کرلیا گیا تھا، اسے زندہ جلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ انٹرنیٹ پر جاری کردہ ویڈیو میں ایک شخص جو سمجھا جاتا ہے کہ معاذ الکسابہ ہے،اسے آہنی پنجرے کے اندرون شعلہ پوش دیکھا جاسکتا ہے۔