نئے نوٹوں کی طباعت کے احکام نہیں دئیے گئے ، پرنٹنگ پریس کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : نوٹ بندی کے ایک سال میں 2000 روپئے کی نئی نوٹ بازاروں سے غائب ہورہی ہے ۔ مارکٹ میں اس کا چلن دھیرے دھیرے ختم ہونے لگا ہے ۔ ریزرو بینک آف انڈیا ( آر بی آئی ) نوٹ چھاپنے والی پرنٹنگ کمپنیوں کو 2000 روپئے کی نوٹ چھاپنے کے آرڈرس نہیں دے رہی ہے ۔ کالا دھن پر قابو پانے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی نے گذشتہ سال 8 نومبر کو 1000 اور 500 روپئے کے نوٹوں کو بند کردیا تھا اس کی جگہ 2000 اور 500 روپئے کی نئی نوٹوں کو متعارف کرایا گیا تھا لیکن اب ایسا لگتا ہے حکومت 2000 روپئے کی نئی نوٹ کو بھی بند کرنے والی ہے ۔ حکومت کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا گیا ہے ۔ مگر 2000 روپئے کی طباعت کو روک دیا گیا ہے ۔ ایک ٹیلی ویژن چینل نے حق معلومات قانون کا استعمال کرتے ہوئے سیکوریٹی پرنٹنگ اینڈ میشنگ کارپوریشن آف انڈیا سے سوال کیا جس پر نوٹ چھاپنے والی اس پرنٹنگ کمپنی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آر بی آئی سے 2000 روپئے کے نوٹ چھاپنے کے کوئی آرڈر نہیں ملے ہیں ۔ فی الحال سیکوریٹی پرنٹنگ اینڈ میشنگ کارپوریشن کی جانب سے 500 کے علاوہ 5 اور 2 روپئے کے نوٹس پرنٹ کئے جارہے ہیں کافی دنوں سے یہ افواہیں گشت کررہی تھی کہ 2000 روپئے کی نوٹ بھی بند ہوجائے گی ۔ حکومت نے سرکاری طور پر اس کا اعلان نہیں کیا مگر بازاروں سے اس کا چلن آہستہ آہستہ ختم ہورہا ہے ۔ 2 ہزار روپئے کی نوٹ جیسے بینک میں پہونچ رہی ہے اس کو روکے رکھا جارہا ہے ۔ جب اکاونٹ ہولڈرس اپنے اکاونٹس سے پیسے نکال رہے ہیں تو انہیں 500 روپئے اور اس سے کم قیمت کی زیادہ نوٹ فراہم کی جارہی ہے ۔ جتنے بھی 2000 روپئے کے نوٹ بینکوں کو پہونچ رہے ہیں اس کو روکے رکھنے کو ترغیب دی جارہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ حکومت بہت جلد پھر سے 1000 روپئے کی نوٹ جاری کرنے والی ہے ۔ ساتھ ہی 200 روپئے کی نوٹ بھی جاری کردی گئی ہے جس سے اندیشے لگایا جارہا ہے کہ 2000 روپئے کی نوٹ کسی بھی وقت بند ہوسکتی ہے ۔۔