مارچ 2019 ء تک سب کیلئے 24 گھنٹے برقی

نئی دہلی 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر برقی آر کے سنگھ نے آج کہاکہ مارچ 2019ء تک ملک میں تمام گھروں کو سال بھر 24 گھنٹے بلاوقفہ برقی سربراہ کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈسمبر 2018 ء تک 1,694 دیہات جہاں ابھی برقی نہیں ہے، وہاں الیکٹرسٹی کنکشن آجائیں گے اور اِس ضمن میں کام جاری ہیں۔ اُنھوں نے لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران کہاکہ تمام مکانات کو مارچ 2019 ء تک 24 گھنٹے برقی حاصل ہوسکے گی۔ آر کے سنگھ نے یہ بھی کہاکہ ایک نیا قانون لاگو کرتے ہوئے مارچ 2019 ء کے بعد تکنیکی وجوہات کے ماسوا بلاوقفہ برقی سربراہی میں ناکام رہنے والے پاور ڈسکامس پر جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے برقی کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات کو موجودہ 21 فیصد سے گھٹاکر جنوری 2019 ء تک 15 فیصد تک لانے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ اور ملک بھر میں پاور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے 1,75,000 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔